بدھ 16 ستمبر 2026 - 18:33
سعودی عرب میں آرامکو اور خمیس مشیط ایئر بیس پر یمن کا حملہ

حوزہ/ یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے سعودی عرب کے شہر ینبع میں آرامکو کمپنی اور خمیس مشیط ایئر بیس پر میزائل اور ڈرون حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے آیتِ قرآنی «فَمَنِ اعْتَدَىٰ عَلَيْكُمْ فَاعْتَدُوا عَلَيْهِ بِمِثْلِ مَا اعْتَدَىٰ عَلَيْكُمْ» کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب گزشتہ 12 برس سے یمن اور اس کے عوام کے خلاف جارحیت اور محاصرہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے رواں ہفتے اپنی جارحیت میں اضافہ کرتے ہوئے یمن کے مختلف صوبوں پر 450 سے زائد فضائی حملے کیے۔

یحییٰ سریع کے مطابق، یمنی مسلح افواج نے ان حملوں کے جواب میں دو خصوصی فوجی کارروائیاں انجام دیں۔ پہلی کارروائی میں سعودی عرب کے شہر ینبع میں آرامکو کمپنی کو درجنوں بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں، ان کے بقول، بڑے پیمانے پر آگ لگی اور وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوسری کارروائی میں خمیس مشیط ایئر بیس کو متعدد بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا اور میزائل اپنے اہداف تک پہنچے۔

یمنی فوج کے ترجمان نے کہا کہ مسلح افواج اپنے ملک اور عوام کے دفاع کا سلسلہ جاری رکھیں گی اور سعودی عرب کو ایسے اسباق سکھائیں گی جنہیں وہ کبھی فراموش نہیں کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یمنی افواج سعودی عرب میں فوجی کارروائیوں اور سعودی اجتماعات کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھیں گی۔ ان کے مطابق یہ کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک یمن کے خلاف جارحیت رک نہیں جاتی اور ملک کا محاصرہ ختم نہیں کیا جاتا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha